Skip to content

دنیا میں انسان کی بنیاد

پیٹ میں نطفۂ انسانی کے بعد خون کو اکھٹا کرنے کیلئے روح جمادی آتی ہے، پھر روح نباتی کے ذریعے بچہ پیٹ میں بڑھتا ہے۔چار ماہ کے بعد روح حیوانی جسم میں داخل کی جاتی ہے جس کے ذریعے بچہ پیٹ میں حرکت کرتا ہے، ان کو ارضی ارواح کہتے ہیں۔پھر پیدائش کے بعد روح انسانی دوسری مخلوقات کے ساتھ آتی ہے ان کو سماوی ارواح کہتے ہیں۔اگر بچہ پیدائش سے تھوڑی دیر پہلے ہی پیٹ میں مر جائے تو اس کا جنازہ نہیں ہوتا کہ وہ حیوان تھا۔ پیدائش کے تھوڑی دیر بعد مرجائے تو اس کا جنازہ لازم ہے کہ وہ روح انسانی کی آمد کی وجہ سے انسان بن گیا تھا، اور نفس نے بھی مقام ناف پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ ڈیرہ لگا لیا تھا۔اگر اس میں جمادی روح طاقتور ہے تو وہ پہاڑوں میں رہنا پسند کرتا ہے۔روح نباتی کی وجہ سے انسان پھولوں اور درختوں سے لگاؤ رکھتا ہے۔روح حیوانی کے غلبہ سے جانوروں سے پیار اور جانوروں جیسے کام کرتا ہے۔ جبکہ نفس کی شکل کتے کی طرح ہوتی ہے اس کے غلبے سے کتوں جیسے کام اور کتوں سے پیار کرتا ہے۔اور بیداری ِ قلب سے انسان فرشتوں کی طرح بن جاتا ہے۔انسان کے مرنے کے بعد سماوی ارواح آسمانوں کو لوٹ جاتی ہیں جو ایک ہی جسم کیلئے مخصوص ہیں، ارضی روحیں بمعہ نفوس کے اسی دنیا میں رہ جاتی ہیں۔ ارضی روحیں ایک سے دوسرے، پھر تیسرے جسم میں منتقل ہوتی رہتی ہیں کیونکہ انکا روز ِ محشر سے کوئی تعلق نہیں لیکن پاکیزہ نفس قبروں میں رہ کر لوگوں کو فیض پہنچاتے اور خود بھی بندگی کرتے رہتے ہیں جیسا کہ جب شب معراج میں حضور پاک موسیٰ کی قبر سے گزرے تو دیکھا موسیٰ اپنی قبر میں نماز پڑھ رہے ہیں جب آسمانوں پر پہنچے تو دیکھا موسیٰ وہاں بھی موجود ہیں۔بدکار لوگوں کے طاقتور نفس اپنے بچاؤ کیلئے شیاطین کے ٹولے سے مل جاتے ہیں اور لوگوں کے جسم میں داخل ہوکر لوگوں کو نقصان پہنچاتے ہیں انکو بد روحیں کہتے ہیں۔انجیل میں ہے کہ عیسیٰ بدروحیں نکالا کرتے تھے۔ارضی ارواح اور نفوس اسی دنیا میں ، روح انسانی عالم علِیین یا سجیین میں اور لطائف اگر طاقتور ہیں تو وہ بھی علِیین میں، ورنہ قبر میں ہی ضائع ہوجاتے ہیں۔ نفس کی وجہ سے انسان ناپاک ہوا۔

بقول بُلھے شاہ: اس نفس پلیت نے پلیت کیتا …… اساں مُنڈھوں پلیت نہ سی

نفس کو پاک کرنے کیلئے کتابیں اتریں، نبی، ولی آئے کہیں اس کو دوزخ سے ڈرایا گیا، کہیں بہشت کی لالچ دی گئی۔ ریاضت، عبادت اور روزوں کے ذریعے اِسے سُدھارنے کی کوشش کی گئی اور جنت کے حقدار بھی ہوگئے۔ اور بہت سے لوگوں نے باطنی علم کے ذریعے اسے پاک بھی کر لیا اور اللہ کے دوست بن گئے۔

Copyright © 2025 Mehdi Foundation International